پٹنہ26دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بہار میں این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم توہو گئی لیکن اب مہاگٹھ بندھن میں اس کو لے کرقیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔بہارکی کل 40 لوک سبھا سیٹوں میں سے نصف پر آر جے ڈی نے اپنا دعویٰ کر دیاہے۔ ذرائع کے مطابق آر جے ڈی نے کہاہے کہ 20 سیٹوں پر ان کی پارٹی کا حق بنتاہے۔ذرائع کے مطابق حال ہی میں این ڈی اے سے الگ ہو کر مہاگٹھ بندھن کادامن تھامنے والے اوپیندر کشواہا کے حصے چار سے پانچ نشستیں آ سکتی ہیں۔اوپیندرکشواہا کی پارٹی کاراکاٹ، سیتامڑھی، جہان آباد، موتیہاری، گوپاگنج، مونگیر اور چترا سیٹ پر اپنی دعویداری بتا رہی ہے۔ کشواہاکااراکاٹ سے لوک سبھا رکن ہیں۔ذرائع کی مانیں تو بہار میں مہاگٹھ بندھن میں جو سیٹوں کا تال میل بن رہا ہے اس کے تحت کانگریس 8 سے 12، آرایل ایس پی 4 سے 5، سی پی ایم، سی پی آئی، سی پی آئی (مالے) 1، جتن رام مانجھی کی پارٹی ایک سے دو تو وہیں شرد یادو کی پارٹی کو ایک سے دوسیٹیں مل سکتی ہیں۔اگرایساہوتا ہے تو اس کامطلب صاف ہے کہ مہاگٹھ بندھن میں آر جے ڈی ’’بڑے بھائی‘‘ کے کردار میں ہو جائے گی۔ادھر این ڈی اے میں جے ڈی یو اور بی جے پی برابر۔برابر سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔’’جڑواں بھائی‘‘کے فارمولے کے تحت جے ڈی یواوربی جے پی 17۔17 سیٹوں پر 2019 کا لوک سبھاکا چناؤلڑے گی۔ وہیں رام ولاس پاسوان کی پارٹی ایل جی پی کوچھ سیٹیں ملی ہیں۔اس کے علاوہ پاسوان کو راجیہ سبھا بھیجنے پر بھی بی جے پی قائل ہو گئی ہے۔